
تل ابیب: صیہونی وزیر ایتمار بن گوئر نے ایک بار پھر شرانگیز بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ پر قبضہ کرکے اپنی فوج کو وہیں رکھنا چاہیے۔ اسرائیلی چینل 13 کو انٹرویو میں صیہونی وزیر نے اسرائیلی حکومت اور افواج سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر قبضہ کریں اور تین ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کے بعد بھی وہاں موجود رہیں۔ انہوں نےکہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے پاس اب دو راستے ہیں۔ان کی تجویز کو اپنا کر غزہ پر مستقل طور پر قبضہ کر لیں یا وزیر دفاع کے منصوبوں پر عمل کریں۔ اسرائیلی وزیر بینی گینٹز نے بھی نیتن یاہو سے کہا تھا کہ وہ جنگی کابینہ کی تجویز پر عمل کرتے ہوئے غزہ کی حکمرانی کے معاملے کے ساتھ ساتھ رفح کراسنگ پر بات چیت کریں اور غزہ کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ روکنے کے لیے وہاں پر اسرائیلی فوج تعینات کریں۔


































