
تل ابیب: اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد کے ساتھ فوجی تیاریوں میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ تیاری حزب اللہ کے خلاف بڑے ممکنہ آپریشن کی علامت ہے جو کسی بھی وقت شروع ہوسکتا ہے۔ اسرائیلی آرمی ریڈیو نے رپورٹ دی ہےکہ مجوزہ کارروائی میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈروں کی بڑے پیمانے پر ٹارگٹ کلنگ اور لبنان کے اندر اہم ٹھکانوں پر حملے شامل ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کا آغاز کسی بھی وقت ممکن ہے، جس کا انحصار سرحدی صورتحال پر ہوگا۔ رپورٹوں کے مطابق اسرائیل حزب اللہ کی قیادت اور بنیادی ڈھانچے کو کمزور کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، حالانکہ ایک کمزور جنگ بندی تاحال برقرار ہے۔ تل ابیب کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں اس کی محدود کارروائیاں اور فضائی نگرانی دراصل امریکہ کی ثالثی میں طے پانے والے نومبر 2024 کے جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کا حصہ ہیں۔
اسرائیلی فوجی اندازوں کے مطابق حزب اللہ اپنی پوزیشنز دوبارہ منظم کررہی ہے اور مزاحمت کی حکمتِ عملی اپنائے ہوئے ہے۔


































