
تل ابیب: اسرائیل نے حماس کو 35 قیدیوں کی رہائی کے بدلے میں ایک ہفتے جنگ بندی کی نئی پیشکش کردی۔ سی این این نے امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ جنگ بندی کے دوران 35 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔ جس میں خواتین، بوڑھے ، زخمی اور مریض شامل ہیں۔ امریکی حکام سمجھتے ہیں کہ مزید قیدیوں کی رہائی کو محفوظ بنانے کے طریقے موجود ہیں۔ اہلکار نے بتایا کہ اسرائیل اس وقت اضافی تجاویز پر بھی بات کر رہا ہے جو حماس کو اپنے مطالبات سے دستبردار ہونے پر راضی کرے گی۔ ادھر سعودی ویب سائٹ العربیہ کے ذرائع نے انکشاف کیا کہ حماس کو مختصر جنگ بندی کے بارے میں تحفظات ہیں۔ حماس نےکم از کم 14 دن کی جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ تل ابیب نے ایسی جنگ بندی کی پیش کش کی ہے جو جو 5 دن تک جاری رہے گی اور اس کے بعد روزانہ اس کی تجدید کی جائے گی۔


































