
انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایران جنگ کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اس کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرا دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ تنازع خطے کو وسیع جنگ کی طرف لے جا سکتا ہے۔ انقرہ میں اپنی جماعت جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب میں طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیلی حکومت غیرقانونی جنگ سے نہ صرف خطے کو عدم استحکام کا شکار کیا بلکہ پوری دنیا پر معاشی بوجھ بھی ڈال دیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ جنگ میں بہنے والا ہر قطرہ خون اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی سیاسی بقا کو طول دے رہا ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ ترکیہ کی اولین ترجیح اس مشکل دور سے محفوظ گزرنا اور خود کو اس آگ سے دور رکھنا ہے۔ اردوان کا کہنا تھا کہ اگر خونریزی روکنے اور سفارتی حل کی کوئی بھی امید موجود ہو تو اسے ہر صورت بروئے کار لانا چاہیے۔


































