
تل ابیب : یہودی آبادکاروں کو مقبوضہ مغربی کنارے میں رہائش کی اجازت دینا صیہونی حکومت کے خاتمے کاسبب بن گیا. اسرائیل کی اتحادی حکومت نے اگلے ہفتے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا بل پیش کرنے کا اعلان کردیا، بل منظور کرلیا گیا تو ملک میں ایک بار پھر نئے انتخابات ہوں گے۔ وزیراعظم نفتالی بیٹنیٹ اور وزیر خارجہ یائر لاپد نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اتحادی حکومت کو مستحکم رکھنے کی تمام کوششیں کرلی گئی ہیں جو ناکام رہیں، اب پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا بل پیش کیا جائے گا۔بل منظور ہونے کی صورت میں موجودہ وزیر خارجہ یائر لاپد اسرائیل کے نگران وزیراعظم بن جائیں گے۔نظریاتی طور پر منقسم حکومتی اتحاد 8 جماعتوں پر مشتمل ہے جس میں مذہبی قوم پرست، بائیں بازو اور مرکزیت کے نظریات رکھنے والے اور پہلی بار عرب اسلامسٹ پارٹی کے منتخب رکن بھی شامل ہیں۔ اتحادی حکومت رواں سال اپریل میں وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی پارٹی کی ایک رکن کے جانے سے اپنی اکثریت کھو بیٹھی تھی۔حال ہی میں ایک قانون پاس کیا گیا تھا جس کے تحت یہودی آبادکاروں کو مقبوضہ مغربی کنارے میں رہائش اختیار کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔حکومت میں شامل بائیں بازو کی جماعتوں نے اس قانون کی مخالفت کی تھی۔


































