
اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے نعت خوانی، مرثیہ، قصیدہ اور نوحوں کو گانے کی طرز پر پیش کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے مذہبی رسومات اور مذہبی عقائد کی ادائیگی کیلیے معیار مقرر کرنے کی تجویز دے دی۔ یہ تجویز ڈاکٹر قبلہ ایاز کی زیر صدارت کونسل کے اجلاس میں دی گئی۔ کونسل نے ملتان میں عید میلاد النبیؐ کے جلوس میں حورِ جنت کے نام پر کئے گئے عمل کو نامناسب قرار دیا اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کو سزا دی جائے۔ کونسل نے رویت ہلال پر قانون سازی کے بل کی تائید کی اور تجویز دی کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں رویت ہلال پر تربیتی سیشنز کا انعقادکیا جائے۔ کونسل نے تعلیمی اداروں میں عربی لازم کرنے کے بل کی تائید کرتے ہوئے تجویز دی کہ ثانوی تعلیمی اداروں میں فارسی ، ترکی اور چینی زبان کو بھی بطور اختیاری مضمون نصاب میں شامل کیا جائے۔ کونسل نے جنسی زیادتی کے مجرم کو نامرد بنانے کے قانون کو غیر اسلامی قرار دیا اور قرار دیا کہ اس سزا کی جگہ متبادل موثر سزائیں تجویز کی جائیں۔ کونسل نے وفاق ہائے مدارس کو بھی خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا جس میں زور دیا جائے گا کہ وہ مدارس میں اس موضوع پر کھلے مکالمے اور مباحثے کی ابتدا کریں۔


































