
بغداد : عراقی وزیرِاعظم محمد شیاع السودانی نے کہا ہے کہ جب تک امریکی اتحادی افواج عراق میں موجود ہیں، اسلحے کو ریاست کے کنٹرول میں لانے کا عمل کامیاب نہیں ہو سکتا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں السودانی نے کہا کہ عراق میں اب داعش نہیں رہی، سلامتی اور استحکام خدا کے فضل سے موجود ہے، تو پھر چھیاسی ممالک کے اتحاد کی موجودگی کا کیا جواز ہے؟۔ اب عراق میں امن و استحکام بحال ہے، لہٰذا غیر ملکی افواج کی موجودگی کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں اسلحے کو صرف ریاستی اداروں کے ماتحت لانے کا واضح پروگرام تیار ہے اور جو گروہ ہتھیار چھوڑ دیں گے، انہیں سیکیورٹی فورسز یا سیاسی عمل میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ جنگ و امن کے فیصلے صرف ریاستی ادارے کریں گے اور کوئی بھی فریق عراق کو کسی تنازع میں نہیں گھسیٹ سکتا۔


































