
بغداد : عراق میں صدر تحریک کے سربراہ مقتدیٰ الصدر نے امریکی سفیر کی غیر سفارتی سرگرمیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عراق کبھی بھی امریکی حکمرانوں کے ناپاک عزائم کی تکمیل کی سرزمین نہیں بنے گا۔ امریکی سفیر اور اس کی حکومت کا ہدف عراق کو امریکی پالیسیوں کی تجربہ گاہ بنا کرعراقیوں کو ایک حق پرست قوم سے ہم جنس پرست قوم میں تبدیل کرنا ہے۔ مقتدیٰ الصدر نے جو بائیڈن اور نام نہاد امریکی جمہوریت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سمجھتا ہے کہ یہ ایک جمہوری حکومت ہے لیکن اپنے صدر کے دعوے کے برعکس جو امریکی قوم کو اپنی تقریروں میں ہم جنس پرست کہتا ہے، وہ امریکی عوام کے ان مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دیتا جو اس رجحان کے پھیلاؤ کے خلاف ہیں۔ عراق کی صدر تحریک کے رہنما نے کہا کہ امریکہ نہ صرف امن کا دشمن ہے بلکہ جمہوریت کا بھی دشمن ہے کیونکہ یہ غاصب اور دین کا دشمن ہے اور عصمت فروشی پھیلاتا ہے۔


































