
اسلام آباد: ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کرکے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دلی دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی پیش کش کی۔
وزیراعظم شبہاز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پیزشکیان نے ٹیلی فونک رابطے میں پاکستان کے مختلف حصوں میں سیلاب پر پاکستانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ ایرانی صدر نے حالیہ سیلاب میں جانی اور مالی نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں پاکستان کے برادر عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیش کش کی۔وزیر اعظم نے صدر پیزشکیان کی جانب سے ہمدردی و یک جہتی کے اظہار اور ایران کی طرف سے دکھ اور تکلیف کی اس گھڑی میں اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔


































