
تہران : ایران نے اپنے جدید ترین ڈرون مہاجر ٹین کی رونمائی کی ہے۔ نیا ڈرون 7 ہزار میٹر کی بلندی پر زیادہ سے زیادہ 24 گھنٹے تک پرواز کر سکتا ہے اور اس کی آپریشنل رینج 2 ہزار کلو میٹر ہے۔ رونمائی کی تقریب میں صدر ابراہیم رئیسی بھی شریک تھے۔ یہ 210 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے سفر کرسکتا ہے اور جدید ترین الیکٹرانک اور انٹیلی جنس سسٹم سے لیس ہے۔ مہاجر ٹین ڈرون 300 کلوگرام تک سامان لے جا سکتا ہے۔ یہ گذشتہ ماڈل سے دُگنا سامان لے جانےکی صلاحیت کا حامل ہے اور ہر قسم کے بم اور گولہ بارود لے جا سکتا ہے۔ صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ہماری طاقتور مسلح افواج ایران کے خلاف جارحیت میں ملوّث کسی بھی ہاتھ کو کاٹ دیں گی۔


































