
تہران: ایران نے امریکا کے ساتھ جوہری پروگرام پر مذاکرات کیلئے چار شرائط پیش کردیں۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکہ سے جوہری مذاکرات کی بحالی کے لیے تہران کے موقف کو واضح کرتے ہوئے چند بنیادی شرائط پیش کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران امریکہ پر کسی قسم کا اعتماد نہیں رکھتا۔ مذاکرات اسی صورت ممکن ہیں جب امریکہ ایران کا اعتماد بحال کرے۔ مذاکرات کو کسی خفیہ یا خطرناک ایجنڈے کا ذریعہ نہ بنائے۔ این پی ٹی کے تحت ایران کے حقوق بالخصوص یورینیم کی افزودگی کے حق کا احترام کیا جائے اور ایران پر عائد تمام پابندیاں مکمل طور پر ختم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شرائط پوری ہونے سے پہلے امریکہ کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات ممکن نہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران ہر ممکن خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اگر کسی بھی جانب سے حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا۔


































