
تہران : ایران، روس اور چین نے اقوام متحدہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے کہ ایران کے جوہری معاہدے کو ختم سمجھا جائے۔ پابندیوں کی بحالی کی کوئی بھی کوشش غیر قانونی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو بھیجے گئے مشترکہ خط میں تینوں ممالک نے واضح کیا کہ جوہری معاہدہ اب مؤثر نہیں رہا۔ اس لیے ایران کے خلاف کسی بھی پرانے فیصلے یا پابندی کی قانونی حیثیت ختم ہوچکی ہے۔ خط میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی یعنی ای تھری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ ایران پر دوبارہ اقوام متحدہ کی پابندیاں عائد کرنے کی کوشش قانونی اور طریقہ کار کے لحاظ سے غلط ہے۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ ای تھری کا اقدام سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی روح کے خلاف ہے، اور یہ کوشش نہ صرف ناکام بلکہ اقوام متحدہ کے قانونی ڈھانچے کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی۔
تینوں ممالک نے فریقین پر زور دیا کہ وہ یکطرفہ پابندیوں یا طاقت کے استعمال سے گریز کریں اور باہمی احترام و سفارتی مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل تلاش کریں۔


































