
قاہرہ : ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران باہمی احترام پر مبنی سفارت کاری کے لیے تیار ہے لیکن کسی بھی دباؤ یا دھونس کو قبول نہیں کرے گا۔
عباس عراقچی نے ایک آن لائن انٹرویو میں کہا کہ ایران نے کبھی بھی سفارت کاری سے منہ نہیں موڑا اور آج بھی باعزت مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ بشرطیکہ امریکہ سنجیدہ اور برابری کی بنیاد پر بات چیت کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران اپنے عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بالادستی کو برداشت نہیں کرے گا۔ عراقچی نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کی ضرورت نہیں، بلکہ طاقتور قوم کی خودداری ہی اس کا اصل ایٹم بم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی دفاعی تیاری جنگ کے لیے نہیں بلکہ جنگ سے بچاؤ کے لیے سب سے اہم عنصر ہے، اور اگر دوبارہ کوئی غلطی کی گئی تو ایران کا ردِعمل سخت ہوگا۔


































