
کوپن ہیگن: ڈنمارک میں ایک بار پھر قرآن کریم کی بے حرمتی کی گئی اور اس کے نسخوں کو آگ لگادی گئی۔ یورپی ممالک میں اسلام دشمنوں کے ہاتھوں توہین قرآن کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے اور حکومتیں اسے روکنے سے انکار کرچکی ہیں۔ ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں انتہائی دائیں بازو کے مظاہرین کے ایک چھوٹے سے گروپ نے مصر اور ترکی کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن مجید کے نسخوں کو آگ لگا دی۔ ڈینش پیٹریاٹس نامی گروپ نے گذشتہ ہفتے عراقی سفارتخانے کے سامنے قرآنی نسخہ کو آگ لگائی تھی اس بار یہ گھناؤنا فعل مصر اور ترک سفارتخانوں کے سامنے انجام دیا گیا۔
ڈنمارک کی حکومت نے قرآن مجید کو جلانے کی مذمت کی ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ اس کے پاس غیر متشدد مظاہرین کو روکنے کا اختیار نہیں ہے۔


































