
نئی دہلی : ہندوستان نے ممبئی حملوں کے مبینہ ماسٹر مائینڈ حافظ سعید کی حوالگی کا باضابطہ مطالبہ کردیا۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو متعلقہ دستاویزات کے ساتھ درخواست بھیج دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حافظ سعید ہندوستان میں کئی معاملوں میں ملوث ہے۔ وہ اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شدت پسند گروپوں کی موجودگی نئی بات نہیں ہے۔ یہ پاکستان کی ریاستی پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قومی سلامتی کے پیش نظر اقدامات کرتے رہتے ہیں۔
پاکستان نے ہندوستان کی درخواست مسترد کردی اور واضح کیا کہ دونوں ممالک میں مجرموں کے تبادلے کا کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے۔وزارت خارجہ نے کہاکہ حافظ سعید کو منی لانڈرنگ کے ایک نام نہاد مقدمے میں حوالے کرنے کا کہاگیا ہے۔


































