
سرینگر: جموں وکشمیر پر قابض بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں کے دوران اپریل میں 3 کمسن بچوں سمیت 26 کشمیریوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ پرامن مظاہروں پر بھارتی فوج کے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے7 نوجوان زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج، پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور بھارتی قومی تحقیقاتی ایجنسی نے حریت رہنما، مشتاق الاسلام، عبدالصمد انقلابی اور دیگر سیاسی کارکنوں، نوجوانوں اور طلبا سمیت 109 شہریوں کو گرفتار کیا ۔گرفتار شدگان پر کالے قوانین یو اے پی اے اور پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ ایک خاتون کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا۔ جبکہ 143 محاصرہ اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران ایک درجن مکانات اور عمارتوں کو تباہ اور نقصان پہنچایا۔


































