
نئی دہلی : پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی۔ ہندوستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ جے شنکر پاکستان میں ہونیوالے ایس سی او سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس پندرہ اور سولہ اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ پاکستان اور ہندوستان شنگھائی تعاون تنظیم کے مستقل رکن ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بتایا کہ پاکستان نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایس سی او میں مدعو کیا تھا لیکن دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ دو طرفہ تعلقات کو دیکھتے ہوئے جے شنکر اجلاس میں شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ تقریباً ایک دہائی کے بعد کسی اعلیٰ بھارتی وزیر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان تعلقات برسوں سے کشیدہ ہیں اور 1947 میں آزاد ہونے کے بعد سے وہ تین جنگیں لڑ چکے ہیں۔


































