
اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ بھارت کے وزیر داخلہ کے بیان کو سختی سے مسترد کرتا ہوں، اسرائیل اور بھارت کی کوشش ہے پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچایا جائے، مقبوضہ کشمیر میں کوئی دخل اندازی نہیں ہو رہی ہے۔ این ڈی ایس اور اسرائیل کی کوششیں شکست کھائیں گی۔ پاکستان کو سرحدوں سے کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ محرم الحرام میں فول پروف سیکیورٹی کا اہتمام کر رہے ہیں، کسی کے عقیدے کو چھیڑیں گے نہ اپنے عقیدے کو چھوڑیں گے، محرم الحرام کے دوران تمام عزادار این سی او سی کے ایس او پیز کو فالو کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ داسو حملے کے حوالے سے سیکیورٹی ایجنسی نے اپنی تحقیقات کو مکمل کر لیا ہے، افغانستان کی سیاست سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ نادرا کو چلانے کے لیے وزیراعظم سے گائیڈ لائنز لیں گے، تمام جعلی شناختی کارڈ کو ختم کر کے دو نمبر کارڈ بنانے والے تمام افسروں کو نادرا سے نکال دیں گے۔ نورمقدم قتل کیس سے متعلق کہا کہ کیس کے ملوث تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے، فاٹا میں تھری جی اور فورجی کو دس محرم تک بند کیا ہے۔


































