
بنگلورو: ہندوستان نے چاند کے قطب جنوبی میں خلائی مشن اُتارنے والا پہلا ملک بن کر تاریخ رقم کردی۔ ہندوستان کا خلائی مشن چندریان تھری مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے چاند کے جنوبی حصے پر لینڈ کرگیا۔ ہندوستان، امریکا۔ روس۔ اور چین کے بعد چاند پر پہنچنے والا چوتھا اور قطب جنوبی پر خلائی مشن اُتارنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ چندریان تھری کے لینڈ کرتے ہی ہندوستانی خلائی ایجنسی اسرو کے ہیڈکوارٹر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب میں کہاکہ یہ ایک پر مسرت موقع ہے اور یہ صرف ہندوستان کی کامیابی نہیں بلکہ سب کی کامیابی ہے۔ ہمارا نظریہ ہے کہ ایک دنیا ایک قوم۔ ہمارا چاند کا مشن خلائی سائنسی تحقیق کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان مستقبل میں اپنی خلائی تحقیق کو چاند سے آگے لے کر جائے گا اور جلد اسرو سورج پر تحقیق کے لیے اپنا مشن بھیجے گا۔ یہ دن ہمیں ایک روشن مستقبل کی جانب لے کر جانے والا ہے۔


































