
راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہائی ٹیک نظام کی شمولیت سے ابھرتے خطرات کے تناظر میں پاکستان کا ایئر ڈیفنس ناقابل تسخیر بن چکا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل قمرجاوید باجوہ نے آرمی ایئر ڈیفنس سینٹر کراچی کا دورہ کیا اور یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے چینی ساختہ جدید ترین ہائی ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس سسٹم کی شمولیت دیکھی، آرمی ایئرڈیفنس کمانڈ کے کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے اسٹرٹیجک ویپن سسٹم پر بریفنگ دی۔ اس مو قع پر چین کے سینیئرحکام بھی موجود تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سسٹم کی شمولیت سے ملک کی فضائی سرحدی ایئر ڈیفنس نظام مزید مربوط ہو جائے گا، نظام جہاز، کروز میزائل اور 100 کلومیٹر، حدنگاہ سے آگے بھی ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل باجوہ نے وطن کے دفاع کے لیے ایئر ڈیفنس کی صلاحیتوں پر بھی روشنی ڈالی۔


































