
قاہرہ : مصر کی جامعہ الازہر نے سویڈن اور ڈنمارک کی اشیا کے بائیکاٹ کی اپیل کردی۔ جامعہ الازہر کے شیخ اعظم ڈاکٹر احمد الطیب نے ایرانی مدارس کے ڈائریکٹر آیت اللہ علی رضا اعرافی کے خط کے جواب میں لکھا کہ توہین قرآن کے خلاف سخت موقف اختیار نہ کرنا ان جرائم کی حمایت کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے لکھا کہ کتابِ خدا کی بے حرمتی کرنے والے ملکوں پر پابندی عائد نہ کرنا ان مجرموں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جنکی کتاب خدا اور دین اسلام سے دشمنی ظاہر ہو چکی ہے اور اس مسئلہ کو نظر انداز کرنا بے حرمتی کرنے والوں کے مسلسل جرائم اور ان کی حمایت کا سبب بنتا ہے۔ شیخ الازہر نے امید ظاہر کی کہ توہین قرآن کا غیر انسانی اور غیر مہذب واقعہ مشرق اور مغرب کے مسلمانوں کو مشترکہ دشمن کے مقابل متحد کرنے کے لیے ایک اہم محرک اور سبب بن جائے گا۔ شیخ الازہر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہم ہر اس شخص کے خلاف کھڑے ہیں جو مسلمانوں اور ان کے مقدسات کی توہین کرنا چاہتا ہے۔


































