
برازاویلیا: کانگو کے جنوبی صوبے کیوو میں مسلسل بارشوں کے بعد دریا اُبل پڑے اور ریلے میں سینکڑوں افراد بہہ گئے جس کے نتیجے میں 401 افراد ہلاک اور 200 کے قریب زخمی ہوگئے۔ کانگو میں 4 روز سے جاری مسلسل بارشوں میں دریاؤں کا پانی خطرناک سیلابی ریلے کی شکل اختیار کرتے ہوئے رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا۔ سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ 500 سے زائد افراد تیز رفتار پانی کے ریلے میں بہہ گیے۔ ریلے میں بہہ جانے، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر واقعات میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 400 سے تجاوز کرگئی جب کہ 200 کے قریب زخمی ہیں۔ اب بھی 100 سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں۔ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔


































