
کابل: طالبان حکام نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان نے افغانستان سے اپنے مسائل طاقت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی تو دونوں ممالک کے مفادات کو نقصان پہنچے گا۔ افغانستان کے قائم مقام وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کہا کہ پاکستان کے حالیہ واقعات اس کے اندرونی مسائل کی وجہ سے ہیں جن کا حل اسے خود کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان طاقت کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنا چاہتاہے تو یقینی طور پر دونوں اقوام کے بہت سے باہمی مفادات ہیں جنہیں نقصان پہنچے گا۔ حقانی نے عالمی برادری پر انسانی وعدے پورے نہ کرنے کا الزام لگایا اور کہاکہ افغان حکومت عالمی برادری کی طرف سے تسلیم نہ کرنے کے باوجود اپنے مسائل حل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو دھمکاتے ہیں نہ ہی اس سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔ ایٹم بم ہو یا بی 52 بمبار ۔اللہ کا شکر ہے کہ آپ کا یقین ہم سے زیادہ مضبوط نہیں اور اللہ ہمارے اس یقین کو برقرار رکھے۔


































