
نیویارک : اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں انسانی امدادی سرگرمیاں شدید رکاوٹوں کا شکار ہیں۔ اسرائیلی پابندیوں اور تباہ حال بنیادی ڈھانچے نے امدادی کاموں کو انتہائی محدود کر دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے اوچا کے ترجمان فرحان حق کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے دوران امدادی کارروائیوں میں توسیع کی کوششیں جاری ہیں، مگر اسرائیلی پابندیوں اور دیگر رکاوٹوں کے باعث ان کی رفتار سست ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مسلسل تین روز سے اسرائیل کی جانب سے امدادی قافلوں کو راستہ تبدیل کرنے کے احکامات دیے جا رہے ہیں، جنہیں مصر کی سرحد کے ساتھ فِلاڈیلفی کاریڈور سے گزرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ راستہ تنگ، تباہ شدہ اور شدید ٹریفک کا شکار ہے، جس سے امداد کی ترسیل مزید مشکل ہو گئی ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کے مرمتی کام کے باوجود صورتحال میں بہتری نہیں آئی۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ امداد کی رفتار بڑھانے کے لیے اضافی کراسنگ پوائنٹس اور اندرونی راستوں کی فوری ضرورت ہے۔


































