
غزہ : حماس کے مزاحمت کاروں نے اسرائیلی ٹینکوں کی غزہ میں آگے بڑھنے کی کوشش ناکام بنادی۔ مضافاتی علاقوں میں اسرائیل فوج کے درجنوں ٹینکوں نے دھاوا بولا۔ مزاحمت کاروں نے ٹینکوں کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ شدید مزاحمت کی وجہ سے صیہونی فوجی پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے اور غزہ میں اندر بڑھنے میں ناکام رھے۔
صیہونی فوج نے القدس اسپتال کے قریب حملہ کیا۔ شدید فضائی حملے میں اطراف کی کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ رات سے جاری حملوں میں شہدا کی تعداد ڈیڑھ سو تک جاپہنچی ہے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ صرف خان یونس میں 93 افراد شہید ہوئے۔ اب تک آٹھ ہزار چار سو سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔ جبکہ بیس ہزار کے قریب فلسطینی زخمی ہیں۔ فلسطینی وزارت تعلیم کے مطابق اب تک 2000 طلباء اور محکمہ تعلیم کے 70 سے زائد ملازم شہید ہوچکے ہیں۔ جبکہ بمباری سے دو سو اسکول تباہ ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے جنگ بندی کے مطالبات کو سختی سے مسترد کردیا ہے اور کہاکہ ہم حماس کو ختم کرنے کے لیے مقاصد پورے ہونے تک غزہ میں رہیں گے۔


































