
دوحہ : قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا کہ حماس مستقبل میں غزہ کی حکومت میں حصہ نہیں لے گی لیکن اس نے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا وعدہ نہیں کیا۔
قطری وزیراعظم نے نیو یارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز میں کہا کہ حماس نے واضح جواب دیا ہے کہ وہ حکومت چھوڑنے کے لیے تیار ہے، مگر ہتھیاروں کے معاملے پر یہ ذمہ داری تمام فریقوں پر ہے صرف حماس پر نہیں۔ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا کہ غزہ میں حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزی مایوس کن اور پریشان کن تھی، تاہم قطر نے صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے فوری طور پر امریکا کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق تسلیم کر رہے ہیں کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنا اور معاہدے پر عمل کرنا ضروری ہے۔ الثانی نے کہا کہ قطر صورتحال کو پھیلنے سے روکنے اور جنگ بندی برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔


































