
غزہ : حماس نے مزید دو یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کردیں۔ جبکہ اسرائیل نے بھی پندرہ فلسطینی شہدا کی میتیں ریڈ کراس کے ذریعے غزہ منتقل کردی ہیں۔
یرغمالیوں اور فلسطینیوں کی لاشوں کو فریقین نے ریڈ کراس کے ذریعے ایک دوسرے کے حوالے کیا۔ اسپتال میں معائنے کے دوران فلسطینیوں کی بیشتر لاشیں مسخ شدہ حالت میں پائی گئیں۔
ادھر حماس نے کہا ہے کہ یرغمالیوں کی باقی لاشوں کی تلاش کیلئے غزہ سٹی اور خان یونس میں کھدائی کا کام تیز کردیا گیاہے۔ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس پر لاشوں کی بازیابی کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہ کرنے کا الزام لگایا ہے اور واضح کیا ہے کہ جب تک تمام لاشیں واپس نہیں کی جاتیں غزہ اور مصر کے درمیان رفح بارڈر کراسنگ بند رہے گی۔
اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اب تک معاہدے کی 47 خلاف ورزیاں کی ہیں، جن میں 38 افراد شہید اور 143 زخمی ہوئے ہیں۔


































