
اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاستدان اور اسٹیک ہولڈرز درگزر کا رویہ اپنائیں، پاکستان اپنے لیڈروں سے تقاضہ کرتا ہے کہ اکٹھے ہوجائیں۔ جشن آزادی پر اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد ہوا، صدر مملکت عارف علوی نے پرچم فضا میں بلند کیا۔ جشن آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ منافرت پھیلانے کے بجائے محبتوں کو فروغ دینا ہو گا، محبت کو فروغ دینے کے لیے اسلام واحد راستہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج بھی ہمارے فوجی اور سویلینز پاکستان کے لیے مسلسل شہادت دے رہے ہیں، ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ عارف علوی نے کہا ہے کہ انصاف کے لیے ضروری ہے فریقین کو سنا جائے، اسلام کی اقدار کو اپنانا چاہیے، اشرافیہ سے التجا ہے ہر بچے کو اسکول بھیجیں، تنخواہ دار ٹیکس چوری کرنے والوں کا بوجھ اٹھاتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ فلاح اور انصاف نہ ہوں تو ریاست میں برکت نہیں ہوتی، اسلام پُرامن مذہب ہے، ہم امن چاہتے ہیں، اتحاد کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔


































