
اسلام آباد: وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت سے ساولکوٹ ڈیم پر تفصیلات طلب کر لی ہیں، پانی کے حق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، مسائل پرامن طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت کے ساولکوٹ ڈیم کا معاملہ اٹھایا ہے، پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر نے بھارتی واٹر کمشنر کو خط لکھا ہے، پاکستان نے نئے ڈیم کی تمام تفصیلات طلب کی ہیں، سندھ طاس معاہدہ کے تحت پاکستان تمام تفصیلات لینے کا حق رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رافیل کمپنی نے پاکستان کی جانب سے بھارتی رافیل طیارے گرائے جانے کی معلومات کی توثیق کی ہے، مستقبل میں بھی کسی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی قانونی ٹیم نے عالمی ثالثی عدالت میں سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے سماعت میں حصہ لیا، جبکہ بھارت اس سماعت میں شریک نہیں ہوا، پاکستان نے دوبارہ اس بات کی تجدید کی کہ دونوں فریقین کے لیے سندھ طاس معاہدے کی مکمل پابندی لازمی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد خودکش دھماکے میں افغان سرزمین کے استعمال کے ثبوت عالمی سطح پر پیش کیے، داعش حملوں کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں موجود ہے، ہمارا سفارتخانہ افغانستان میں موجود ہے، انہوں نے بھی تبادلہ کیا ہے۔ طاہر حسین اندرابی نے واضح کیا کہ افغانستان میں داعش موجودگی کے ثبوت عالمی شراکت داروں سے شیئر کیے، پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے وزیرخزانہ سے رابطہ کیا، اسحاق ڈار کی ایران کے وزیرخارجہ سے 2 بار گفتگو ہوئی، اسحاق ڈار اور ترکیے کے وزیرخارجہ کا 2 بار رابطہ ہوا، رواں ہفتے پاکستان نے ایکسپورٹ کنٹرول فہرستوں کی تجدید کی، رواں ہفتے پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے 2 مشترکہ بیان جاری کیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم بورڈ آف پیس اجلاس میں شریک ہوں گے، وزیرخارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے، وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا، پاکستان نے بورڈ میں اچھی امید کے ساتھ شمولیت اختیار کی ہے۔


































