
لندن : اسلامی تعاون تنظیم نے یورپی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بار بار بے حرمتی کے تناظر میں اسلاموفوبک کارروائیوں کے خلاف عملی اقدامات اٹھائیں۔ برطانیہ میں او آئی سی ممالک کے سفیروں نے مشترکہ بیان میں اسلاموفوبک کارروائیوں کیخلاف اقدامات پر زور دیا ہے۔ سفیروں نے متنبہ کیا کہ کسی بھی مذہب کی توہین کا عمل کشیدگی۔ غصے۔ نفرت اور تشدد کو جنم دیتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومتوں سمیت تمام اسٹاک ہولڈروں کو بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کے مطابق امتیازی سلوک۔ زائنو فوبیا اور نفرت انگیز تقاریر سے نمٹنے کے لیے کوششوں کو دُگنا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتوں کو انتہا پسندی، نفرت اور اسلامو فوبیا کے فروغ کو برداشت نہیں کرنا چاہیے, بلکہ ایسے عمل کو روکنا چاہیے جس سے دوسروں کے عقائد کی توہین ہوتی ہے اس اقدام کو کسی بھی طرح سے آزادی اظہار قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔


































