
نیویارک : ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ ایگنیس کالمارڈ نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ اپنا تجارتی معاہدہ فوراً معطل کرے۔ ایگنیس کالمارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں جاری تباہی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بعد معاہدے کو برقرار رکھنا یورپی اقدار کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کا اسرائیل کے ساتھ تجارتی تعلقات جاری رکھنا نہ صرف اخلاقی طور پر ناقابلِ دفاع ہے بلکہ یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی بھی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ای یو اسرائیل ایسوسی ایشن ایگریمنٹ کی شق 2 انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کو اس معاہدے کا بنیادی جزو قرار دیتی ہے اور اسرائیلی حکومت کے اقدامات اس شق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔


































