
اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان نے ارکان ممالک کے درمیان تنازعات کو مذاکرات سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔ پاکستان میں ایس سی او کانفرنس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تنظیم نے ارکان ممالک کے درمیان سیاحت، سیکیورٹی، تجارت، معیشت، سرمایہ کاری اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اجلاس کے شرکاء نے ایک محفوظ، پُرامن اور خوشحال سرزمین کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، سربراہان نے ایس سی او وزرا اجلاس کے نتائج کا جائزہ لیا۔ رہنماؤں نے معاشی ترجیحات اور تجارتی تعاون کو فروغ سے متعلق اقدامات پر عمل درآمد کی ہدایات کی۔ رکن ممالک نے اپنے درمیان تجارت اور معاشی روابط بڑھانے اور انفارمیشن سیکیورٹی کی فیلڈ میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ سربراہان نے قومی صنعتی پالیسی، ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے تجربات کے تبادلے کی تجویز کا جائزہ لیا۔ رواں سال 2024-25ء کے دوران تنظیم کی صدارت چین کے سپرد کردی گئی جب کہ اگلے برس کانفرنس کی سربراہی روس کو دینے پر اتفاق کیا گیا۔


































