
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی سمری پر صدر نے قومی اسمبلی تحلیل کردی۔ نگراں وزیراعظم کی نامزدگی تک شہبازشریف ہی وزارت اعظمی کی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ پاکستان میں ابھی تک نگران وزیراعظم کے نام کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ تاہم میڈیا میں سابق وزیرخزانہ حفیظ شیخ اور سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی سمیت کئی نام گردش کررہے ہیں۔ جلیل عباس جیلانی نے گذشتہ روز وزیراعظم سے ملاقات بھی کی تھی۔ ادھر قومی اسمبلی کے آخری سیشن سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ 16 ماہ کی مختصر ترین حکومت کو بڑے چیلنجز کا سامنا رہا۔


































