
اسلام آباد: حکومت نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ایک بار پھر علما سے مدد لینے کا فیصلہ کرلیا ۔ علماء سے مشاورت کی قومی مہم چلائی جائے گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی سے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے ملاقات کی اور قیام امن اور دہشت گردی وفرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بین المسالک اتحاد کو فروغ دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین و مذہب نہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں علماء کرام نے پہلے بھی قوم کی رہنمائی کی اور اب بھی اس کی اشد ضرورت ہے تاکہ موثر بیانیہ بناکر تمام مسالک کے علماء کرام سے مشاورت کی جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ علماء کرام سے مشاورت کی قومی مہم کا جلد آغاز کیا جائے گا، دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے، اس ناسور کے خاتمے کیلئے علماء کرام کو ایک بار پھراپنا عظیم کردار کرنا ہے۔


































