
اسلام آباد: پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد حکومت نے موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو سبسڈی والا پیٹرول فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ کم مراعات افراد کو احساس پروگرام کے تحت ایک اور مرتبہ وظیفہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ نسبتاً کم قیمتوں پر ضروری اشیائے خور و نوش حاصل کر سکیں۔ یہ فیصلے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اجلاس میں موٹر سائیکلوں اور رکشوں کے مالکان کو رعایتی نرخوں پر پیٹرول فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن ابھی یہ طے نہیں کیا گیا کہ اس منصوبے کو کس طرح نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مہنگائی سے متاثرہ لوگوں کو ریلیف دینے اور موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر سبسڈی والے پیٹرول کی فراہمی کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس کی صدارت کریں گے۔


































