
غزہ : اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا نے غزہ میں امداد کی تقسیم کے امریکی اور اسرائیلی نظام کو چودہ سو فلسطینیوں کا قاتل قرار دیاہے۔ انروا کے کمشنر جنرل فلیپ لازارینی نےکہاہےکہ اقوام متحدہ کی ایجنسی کو کمزور کرنا ایک دانستہ عمل ہے جس کا مقصد فلسطینیوں پر اجتماعی دباؤ ڈالنا اور انہیں صرف غزہ میں رہنے کی وجہ سے سزا دینا ہے۔ انہوں نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ محصور غزہ کی پٹی میں صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے جس کی وجہ سے گزشتہ پانچ ماہ کےدوران کوئی امداد غزہ میں داخل نہیں ہو سکی۔ موجودہ امدادی نظام سیاسی محرکات پر مبنی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ میں قحط دانستہ کوشش کا نتیجہ ہے جس کا مقصد اقوام متحدہ کے نظام کو نام نہاد غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن سے تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں نام نہاد امدادی نظام تقریباً 1400 بھوکوں کی اموات کا ذمہ دار ہے۔


































