
مناما : بحرین نے ایران سے منسلک افراد اور گروپ کیخلاف کارروائی اور ان کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ بن الخلیفہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی یا ریاست کے مفادات کے خلاف کام کرنے والے افراد کے خلاف سخت اقدامات کا شروع کر دیا گیا ہے جن میں شہریت کے حق کا جائزہ لینا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اس شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی جو ملک سے غداری یا اس کے استحکام کو خطرے میں ڈالنے کا مرتکب پایا جائے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ قوم کے تحفظ کےلیے ضروری ہے کہ قومی مفادات کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی فرد کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ شہریت کے معاملات کے مکمل جائزے کے ساتھ ساتھ تمام مناسب اور ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
شاہ بحرین کی جانب سے یہ بیان بحرینی حکام کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ ایسے متعدد عناصر کو بے نقاب اور ختم کیا جن پر ایران کے پاسداران انقلاب کے ساتھ روابط کا الزام تھا۔


































