
اسلام آباد : متنازعہ ترمیمی بل کے مسئلہ پر بزرگ علمائے مکتب تشیع کی جانب سے 16 اگست کو اسلام آباد میں ملک گیر علماء وذاكرين کانفرنس بلائی گئی ہے۔ جس میں ملک بھر سے علمائے کرام، ذاکرین اور عمائدین شریک ہوں گے۔ کانفرنس میں متنازع بل پر مکتب تشیع کا موقف پیش کیا جائے گا۔ اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ علامہ حافظ ریاض حسین نجفی، علامہ سید ساجد علی نقوی اور علامہ شیخ محسن علی نجفی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ متنازع بل میں تجویز کردہ سزائیں بنیادی انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت سے بھی متصادم ہیں۔ اس بل میں استعمال شدہ اصطلاح توہین کی تفسیر و تشریح کی عدم موجودگی کی وجہ سے یہ مبہم اصطلاح ایک خطرناک اور نہ ختم ہونے والے فرقہ وارانہ اختلافات کی بنیاد بنے گی۔


































