
غزہ : غزہ اور مغربی کنارے میں صیہونی فوج کے حملوں میں پانچ فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ جس میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں پہلا حملہ البریج کیمپ میں کیا جہاں ایک فلسطینی شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔ کچھ دیر بعد رفح کے قریب موراگ محور پر حملے میں بھی ایک فلسطینی شہید ہوا۔ اسرائیلی افواج نے مغربی کنارے میں جنین کے گاؤں کفر قود میں تین فلسطینی نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کردیا اور ان کی لاشیں اپنے قبضے میں لے لیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فورسز نے فوجی کمک کے ساتھ گاؤں پر دھاوا بولا اور تین نوجوانوں پر براہِ راست فائرنگ کی۔
ادھر جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی لاش بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ذریعے اسرائیل کے حوالے کردی ہے۔ یہ لاش غزہ شہر کے التفاح محلے سے ملی تھی تاہم اسرائیل نے کہاہےکہ یہ لاش یرغمالی کی نہیں ہے۔ اب تک حماس 16 لاشوں کو واپس کرچکی ہے، جبکہ 12 یرغمالیوں کی باقیات اب بھی غزہ میں موجود ہیں۔ جنہیں تلاش کرنے کیلئے مصری ٹیم بھی غزہ میں داخل ہوچکی ہے۔


































