
تل ابیب: مغربی کنارے کی صورتحال پر اظہار تشویش کیوں کیا؟ صیہونی وزیرخزانہ بیزالیل اسموٹریچ نے جرمن چانسلر کو کھری کھری سنادیں اور معافی کا مطالبہ کردیا۔ بیزالیل اسموٹریچ نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جرمنی کی جانب سے ہزار بار معافی مانگنی چاہیے۔ جرمن قیادت کو اخلاقیات کا درس دینے کے بجائے ماضی پر سر جھکانا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یورپ دوبارہ اچھے اور برے میں فرق کرنے کی صلاحیت کھو رہا ہے اور اسرائیل یورپی رہنماؤں کی ہدایات قبول نہیں کرے گا۔ اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ دور گزر چکا جب جرمن یہودیوں کو احکامات دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرزمینِ اسرائیل میں واپسی ان تمام قوتوں کا جواب ہے جو انہیں مٹانا چاہتی تھیں یا چاہتی ہیں اور اس پر کوئی معافی نہیں دی جائے گی۔ یہ بیان جرمن چانسلر کے اس اظہارِ تشویش کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے مغربی کنارے کے ممکنہ عملی انضمام کو روکنے پر زور دیا تھا۔


































