
رام اللہ : فلسطینی وزیر اعظم محمد شطیہ نے کہا ہے کہ عیسائیوں اور مسلمانوں کے مقدس مقامات صیہونی آباد کاروں کے حملوں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ ہنگری میں ایکومینیکل کونسل آف چرچز کے ایک وفد سے ملاقات میں محمد شطیہ نے کہاکہ صیہونی افواج اور آباد کاروں کی جانب سے منظم حملے کئے جاتے ہیں اور ان میں عیسائیوں اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کو یکساں طور پر نشانہ بنایاجاتا ہے۔ انہوں نے وفد کو مسئلہ فلسطین کی تازہ ترین پیشرفت، صیہونی قبضے اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات دو ریاستی حل کو منظم طریقے سے تباہ کر رہے ہیں، جبکہ صیہونی قبضے کا خاتمہ اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی تنازعہ کا اصل حل ہے۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں فلسطینی ہنگری تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔


































