
اسلام آباد: چینی وزیراعظم لی چیانگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم پاکستان شہبازشریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں دونوں ملکوں کےدرمیان اسمارٹ کلاس رومز کےحوالے سے دستاویز کا تبادلہ کیا گیا، تقریب میں سی پیک کےتحت گوادر پر 7ویں جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کے نکات کی دستاویز کا تبادلہ کیا گیا، تقریب میں پاکستان اور چین کےدرمیان انسانی وسائل کی ترقی سےمتعلق دستاویز کا بھی تبادلہ ہوا۔
دونوں ملکوں کےدرمیان اطلاعات اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت طے ہوئی، پاکستان اور چین کے درمیان آبی وسائل کے شعبے میں بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، دونوں ملکوں کےدرمیان سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانےکی دستاویز کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
تقریب کے دوران پاکستان اورچین کے وزرائے اعظم نے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی وزیراعظم لی کیانگ کا کہنا تھا کہ منصوبےکی تکمیل کے لیے پاکستان اور چین کی افرادی قوت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادرعلاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کی مضبوط دوستی کا بھی عکاس ہے، پاکستان کی ترقی کےلیےچین اپنا کردارادا کرتا رہےگا، پاکستان کےعوام کی خوشحالی ہمارےدل کےبہت قریب ہے، دونوں ملکوں کی تذویراتی شراکت داری وقت کےساتھ گہری ہورہی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین نے صنعت، زراعت، تجارت کےشعبے میں متعدد مفاہمتی یادداشتوں کاتبادلہ کیا ہے، دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ملکوں کےدرمیان نئےباب کا اضافہ ہے۔


































