
بیجنگ : چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے جزیرہ تائیوان کے نائب صدر ولیم لائی کے دورہ امریکہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ نے اس سلسلے میں امریکہ کو سفارتی احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ یہ دورہ چین کی مرکزی حکومت کے لیے بہت اہم ہے، کیونکہ ولیم لائی تائیوان کی صدارت کے امیدوار ہیں اور اس وقت جزیرے پر ہونے والے آئندہ انتخابات کے بارے میں ہونے والے بیشتر پولز میں آگے ہیں۔ چینی ترجمان نے کہا کہ چین امریکہ اور تائیوان کے درمیان کسی بھی سرکاری بات چیت، کسی بھی نام یا کسی وجہ سے تائیوان کے علیحدگی پسندوں کے خفیہ دوروں اور واشنگٹن کی کسی بھی قسم کی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین ترقی پر بھرپور توجہ دے گا اور اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گا۔


































