
کراچی: کراچی سمیت ملک بھر میں آمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن جوش وخروش سے منایا جارہا ہے۔ شہر، شہر، گلی، گلی سبز پرچموں کی بہار ہے۔ نماز فجر میں ملکی استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ شہر شہر جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ شہر شہر عمارتیں، سڑکیں اور بازار سبز پرچموں سے سجے ہوئے ہیں۔ مختلف تنظیموں اور جماعتوں کی جانب سے جلوس اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ جگہ جگہ نذر ونیاز کا سلسلہ جاری ہے۔ رات بھر مساجد۔ سرکاری اور نجی عمارتیں برقی قمقموں سے بقعہ نور بنی رہیں۔ کراچی میں عاشقان رسول ص کی کثیر تعداد نے نمائش چورنگی پر جشن منایا۔ لاہور میں مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس کا اہتمام کیاگیا۔ جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پشاور کے پردہ باغ میں محفل میلاد منعقد ہوا۔ جس میں مشہور نعت خوانوں نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
12 ربیع الاول پر شیعہ سنی اتحاد کا بھی بھرپور مظاہرہ نظر آیا، مختلف شہروں اور علاقوں میں شیعہ تنظیموں اور انجمنوں کی جانب سے برادران اہلسنت کے لیے سبیل اور نیاز کا اہتمام کیاگیا۔


































