
غزہ : غزہ میں فائر بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ اسرائیل نے معاہدے کے نفاذ کے بعد سے اب تک 194 خلاف ورزیاں کی ہیں۔ غزہ کے میڈیا ڈائریکٹر اسماعیل الثوابتہ نے بتایا کہ اسرائیلی خلاف ورزیوں میں زرد لائن سے تجاوز، طبی سامان اور خیموں کو روکے جانے، اور گولہ باری و فضائی حملے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض افواج کی کارروائیوں سے کئی شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے، جبکہ ان کے دفاتر روزانہ کی بنیاد پر ثالثوں کو رپورٹیں فراہم کر رہے ہیں۔ الثوابتے نے خبردار کیا کہ اسرائیلی فوج کئی بار زرد لائن پار کر کے رہائشی علاقوں میں گھسی اور شہریوں کو بغیر انتباہ کے نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیل نے انسانی امداد، ادویات اور مریضوں کے انخلا کے لیے رفح کراسنگ بھی بند رکھی ہوئی ہے، جس سے معاہدے کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ پا رہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدے میں ملبے تلے لاشوں کی تلاش کے لیے سینکڑوں بھاری مشینوں کے داخلے کی شق شامل ہے، لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ اسماعیل الثوابتہ کے مطابق صرف وہ مشینری محدود پیمانے پر داخل ہونے دی گئی جو اسرائیلی قیدیوں کی باقیات تلاش کرنے کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔


































