
برسلز: بیلجئم کی عدالت نے 2016 برسلز بم دھماکوں کے چھ ملزمان کو قتل کا مجرم قرار دے دیا۔ بیلجئم کے دارالحکومت برسلز کی خصوصی عدالت نے 2016 میں ائرپورٹ اور میٹرو ٹرین اسٹیشن پر بم دھماکوں کے ملزمان کو مجرم ٹہرایا۔ ان دھماکوں میں 32 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ اور اس کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔ عدالت نے ملزمان کو قتل اور اقدام قتل کا مجرم قرار دیا ہے ۔ مقدمے کی سماعت چھ ماہ سے زائد جاری رہی۔
مجرموں میں فرانسیسی شہری صالح عبدالسلام اور مراکشی نژاد بیلجیئن شہری محمد ابرینی بھی شامل ہیں۔ صالح عبدالسلام اور محمد ابرینی 2015 کے پیرس حملوں کےجرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔


































