
نیویارک : امریکی جریدے دی نیشن نے یمن کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم میں یمن میں جنگ کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن یہ وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔ ایک ایسی جنگ جو اس ملک کی جارح سعودی اتحاد کی حمایت کا نتیجہ ہے۔ گذشتہ ایک سال کے دوران امریکا نے سعودی اتحاد کو کروڑوں ڈالر کے ہتھیار فروخت کیے ہیں اور اس اتحاد کو فوجی اور لاجسٹک مدد بھی فراہم کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کہ جس کو امریکہ کی حمایت حاصل ہے، نے یمن میں ہسپتالوں اور بنیادی شہری ڈھانچے کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔بائیڈن انتظامیہ نے حملوں کو روکنے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی۔ یہ اس وقت ہے جب سعودی عرب نے یمن کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے اور یہ کارروائی اس ملک میں انسانی بحران کی اصل وجہ ہے۔ یمن میں جنگ کے متاثرین کی تعداد اس ملک میں بیماریوں اور قحط کے متاثرین کے علاوہ لاکھوں افراد تک پہنچ سکتی ہے۔


































