
ڈھاکا: بنگلہ دیش میں حکومت مخالف مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا اور دیگر شہروں میں ہزاروں افراد نے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ مظاہرین جنوری میں متوقع انتخابات سے قبل وزیر اعظم شیخ حسینہ کی برطرفی کامطالبہ کررہے تھے۔ سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے ملک گیر مظاہروں اور ریلیوں کی کال دی تھی۔ سب سے بڑا احتجاج دارالحکومت ڈھاکا میں ہوا جہاں لاکھوں افراد نے کئی کلومیٹر طویل ریلی نکالی۔ جس سے مختلف مقامات پر ٹریفک گھنٹوں تک رکی رہی۔ بی این پی کے سیکریٹری جنرل مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر استعفیٰ دے، پارلیمنٹ کو تحلیل کرے اور اقتدار عبوری انتظامیہ کو سونپے تاکہ ملک میں جمہوریت کی بحالی میں مدد مل سکے۔


































