
تہران: نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے سربراہ آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزاکی تہران پہنچ گئے۔ امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مختلف طبقوں کے افراد اور یونیورسٹیوں کے ایرانی اور نائیجیرین طلباء نے شیخ زکزاکی کا پرتپاک استقبال کیا۔ استقبال کے آنے والے لوگوں نے ہاتھوں میں شہید جنرل حاج قاسم سلیمانی اور شیخ زکزاکی کی تصاویر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔ لوگوں نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد اور اللہ اکبر کے نعروں کی گونج میں اس مبارز عالم دین اور رہنما کا استقبال کیا۔
شیخ ابراہیم زکزاکی اسلامی انقلاب اور امام خمینی(رح) سے متاثر ہو کر شیعہ ہو گئے تھے اور نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے قیام کے ساتھ ہی انہوں نے نائیجیریا اور اس کے پڑوسی ممالک میں تین سو اسلامی اسکول قائم کیے۔ انہوں نے شیعوں کو مالی، طبی اور تعلیمی خدمات فراہم کرنے کے لیے خیراتی ادارے بھی قائم کیے ہیں۔ آیت اللہ زکزاکی نے نائیجیریا میں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرکے دینی تبلیغ شروع کی اور ان کی کوششوں سے نائیجیریا میں اہل بیت (ع) کے پیروکاروں کی تعداد لاکھوں تک پہنچ گئی۔


































