
تہران: ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ برکس سمیت اہم عالمی تنظیموں میں ایران کو اہمیت دی جارہی ہے۔ بڑے ممالک سے ایرانی مصنوعات کی درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔ مشرقی آذربائجان کے دورے کے دوران قصبہ چراوماق میں عوامی اجتماع سے خطاب میں ایرانی صدر نے کہا کہ حکومت ملک کے شہروں اور دیہی علاقوں کے درمیان خلیج کو کم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ ملک کے چھوٹے اور بڑے شہروں اور دور افتادہ علاقوں تک ترقی کا جال بچھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چراوماق قدرتی ذخائر سے مالامال قصبہ ہے۔ یہاں کے باسیوں کو چاہئے کہ بڑے شہروں کی طرف ہجرت کرنے کے بجائے اسی قصبے کو آباد رکھیں اور قدرتی ذخائر سے استفادہ کریں۔ صدر رئیسی نے کہا کہ ایران میں آذری نسل کے لوگ بڑی تعداد میں رہتے ہیں۔ پڑوسی ملک آذربائجان اور ایران کے درمیان مذہبی اور ثقافتی روابط بہت گہرے ہیں لہذا ان دونوں کو جدا کرنے کی دشمن کی کوششیں ناکام ثابت ہوں گی۔ اسلام اور ایمان کا رشتہ ان کو ایک دوسرے سے جڑے رکھتے ہیں۔ یہاں کے لوگ اسلام اور مذہبی اقدار کو دل سے چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آذربائجان کے عوام امن اور اتحاد کے داعی ہیں۔ یہاں کی جوان نسل دشمن کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی وسائل سے قوم کو ترقی کی طرف گامزن کرنا چاہتی ہے۔


































